کیپٹن صفدر کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان، بڑی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) کیپٹن (ر) صفدر اعوان کی ن لیگ یوتھ ونگ کے عہدے سے چھٹی کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کی زیر صدارت لاہور کے صوبائی حلقوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں لاہور کے صوبائی حلقوں میں پارٹی کی مقبولیت ، ممکنہ امیدواروں کی اہلیت اور دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔

مریم نواز گذشتہ کئی دن سے یوتھ ونگ سے متعلق اجلاسوں کی صدارت کر رہی ہیں اور نوجوان کارکنان سے ملاقاتیں بھی کر رہی ہیں۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ پارٹی کے یوتھ ونگ میں کسی عمر رسیدہ شخص کو عہدہ نہیں دیا جائے گا۔یوتھ ونگ میں 18 سال سے 35 سال کے متحرک نوجوانوں کو عہدے دئیے جائیں گے۔مریم نواز کے فیصلے کی روشنی میں کیپٹن (ر) صفدر اعوان کی ن لیگ یوتھ ونگ کے عہدے سے چھٹی کا امکان ہے۔خیال رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر نے حال ہی میں انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے کئی ایسی باتیں کی جو پارٹی پالیسی کے خلاف سمجھی جا رہی ہیں۔اسی حوالے سے لیگی قیادت پر پارٹی رہنماؤں کی طرف سے کیپٹن (ر ) صفدر اعوان کے خلاف کارروائی کے لیے دباؤ ہے۔سینئر رہنماؤں نے پارٹی قائد نوازشریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز سے انٹرویو پر ناراضی کا اظہار کیا۔چند رہنماؤں نے آئندہ انتخابات میں کیپٹن (ر ) صفدر اعوان کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا مشورہ دیا۔رہنماؤں نے کہا کیپٹن (ر ) صفدر کو شوکاز جاری کریں یا آئندہ انتخابات میں مانسہرہ سے کسی اور کو پارٹی ٹکٹ دیں۔2018 میں کیپٹن (ر ) صفدر کے نااہل ہونے پر ان کے بھائی منتخب ہوئے تھے۔ کیپٹن (ر) صفدر کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں تو مریم نواز کو وزیراعظم بنتا نہیں دیکھ رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close