اپوزیشن سینیٹرز نے منی بجٹ کو مسترد کر دیا، چیئرمین ڈائس کا گھیرائو، حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی

اسلام آباد (آئی این پی)حکومت نے فنانس ترمیمی بل2023 قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کر دیا ، بل کے ذریعہ عوام پر170 ارب روپے سے زائد کے نئے ٹیکس عائد کیے جائیں گے ، سیلز ٹیکس کی شرح بڑھنے سے کھانے پینے کی اشیا سمیت ہزاروں اشیا مہنگی ہوں گی، موبائل فون ۔ سیمنٹ ۔ سگریٹ اور مشروبات پر بھی ٹیکس بڑھا دیے گئے،سینیٹ میں فنانس ترمیمی بل پیش کرنے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا ، اپوزیشن سینیٹرز نے منی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے چیئرمین ڈائس کا گھیرائو اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو حکومت نے فنانس ترمیمی بل دو ہزار تئیس قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کر دیا ہے ۔ بل کے ذریعہ عوام پر ایک سو ستر ارب روپے سے زائد کے نئے ٹیکس عائد کیے جائیں گے ۔ سیلز ٹیکس کی شرح بڑھنے سے کھانے پینے کی اشیا سمیت ہزاروں اشیا مہنگی ہوں گی ۔ موبائل فون ۔ سیمنٹ ۔ سگریٹ اور مشروبات پر بھی ٹیکس بڑھا دیے گئے ۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فنانس ترمیمی بل دو ہزار تئیس قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیا ۔ بل کے متن کے مطابق تمام اشیا پر سیلز ٹیکس سترہ سے بڑھا کر اٹھارہ فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ جبکہ درجنوں پرتعیش اشیا پر سیلز ٹیکس سترہ سے بڑھا کر پچیس فیصد کر دیا گیا ہے ۔ دو سو سے پانچ ڈالر مالیت کے موبائل فونز پر سیلز ٹیکس سترہ سے بڑھا کر اٹھارہ فیصد کرنے کی تجویز ہے ۔ جبکہ پانچ سو ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل فونز پر سیلز ٹیکس سترہ سے بڑھا کر پچیس فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں پچاس پیسہ فی کلو اضافہ کی تجویز ہے جس کے بعد سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ڈیڑھ سے بڑھ کر دو روپے فی کلو ہو جائے گی ۔ شادی کی تقریبات ۔ سیمینارز ۔ ورکشاپس ۔ پارٹیز اور کنسرٹس پر دس فیصد ایڈوانس ٹیکس کی تجویز ہے ۔ بین الاقوامی سفر کے لیے بزنس ۔ کلب اور فرسٹ کلاس ٹکٹوں پر بیس فیصد ایف ای ڈی عائد کرنے ۔ شوگری فروٹ جوسز ۔ سیرپس ۔ سکواشز پر دس فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے اور مشروبات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی تیرہ سے بڑھا کر بیس فیصد کرنے کی تجویز ہے ۔ تاہم منرل واٹر پر دس فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا اطلاق نہیں ہو گا ۔ بل کے تحت سگریٹس پر ایکسائز ڈیوٹی میں دس ہزار روپے تک اضافہ تجویز کیا گیا ہے ۔ نئے ٹیکس اقدامات کے تحت سگریٹ ڈیڑھ سو فیصد سے زائد مہنگے کر دیے گئے ہیں ۔ ٹیئر ون کے ایک سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ساڑھے چھ روپے سے بڑھ کر ساڑھے سولہ روپے ہو گئی ہے ۔

جبکہ ٹیئر ٹو کے ایک سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی دو روپے پچپن پیسے سے بڑھ کر پانچ روپے پانچ پیسے ہو گئی ہے ۔سینیٹ میں فنانس ترمیمی بل پیش کرنے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا ہے ۔ اپوزیشن سینیٹرز نے منی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے چیئرمین ڈائس کا گھیرا کیا ۔ اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں فنانس ترمیمی بل دو ہزار تئیس پیش کیا تو اپوزیشن ارکان نے احتجاج شروع کر دیا ۔ ایوان میں بل پیش کرنے کے لیے ایجنڈا موخر کرنے کی تحریک پیش کی گئی جس کی تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن سینیٹرز نے مخالفت کی ۔ بل پیش کرنے پر اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے ۔ ارکان نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ بل پیش ہونے پر اپوزیشن کے شور شرابا کے دوران ہی چیئرمین نے سینیٹ اجلاس جمعہ تک کے لیے ملتوی کر دیا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close