شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ کے ساتھ رہنے کی شرائط کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (آئی این پی)سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کو عدالتوں سے انصاف کی کوئی امید نہیں ہے،ماضی میں ہم نے عدالتوں کا رویہ دیکھ لیا لیکن نواز شریف جس دن بھی پاکستان آئیں گے خود کو قانون کے سامنے پیش کریں گے۔ہفتہ کو سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف میرے لیڈر اور میرے بڑے ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ تھا اور رہوں گا، پہلے بھی میرے پاس نہ کوئی پارٹی عہدہ تھا نہ اب ہے،نہ ہی کوئی عہدے چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اپنے بیٹے سے 10ہزار درہم تنخواہ نہ لینے کی اتنی سزا دی گئی کہ انہیں پہلے وزارت عظمی سے ہٹایا گیا،سیاسی عہدہ چھینا گیا اور ایک ایسے وقت میں یہ ہوا جب عام انتخابات سر پر تھے، سزا دینے والوں نے یہاں پر بھی بس نہیں کیا ان کی بیوی بستر مرگ پر موجود تھیں تو انہیں لندن سے بلوا کر جیل میں ڈال دیا گیا، اس قدر انتقام کے بعد یہ کہا جائے کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی نہیں ہوئی تو درست نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سزا دینے کا جو پیمانہ نواز شریف کیلئے رکھا گیا تھا اگر یہی پیمانہ عمران خان کیلئے لاگو کر دیا جائے تو وہ دس ہزار سال کیلئے سیاسی و انتظامی طور پر نا اہل ہو سکتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں آج بھی یقین ہے کہ نواز شریف کو عدالتوں سے انصاف نہیں ملے گا ہم عدالتوں کا رویہ دیکھ چکے ہیں اور ان کے فیصلے بھی ہم جانتے ہیں کہ وہ کیسے لئے جاتے ہیں، نواز شریف کو جو سزا دی گئی اس کیلئے صرف یہی بہانہ بنایا گیا کہ ان کی دولت کے پیچھے کوئی نہ کوئی جرم تو ہوا ہو گا لیکن سزا دینے والوں کو یاد نہیں تھا کہ نواز شریف کو جنرل (ر) پرویز مشرف ، بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری نے خوب کھنگالا تھا۔انہوں نے کہا کہ میری رائے ہے کہ ملک میں چھوٹے چھوٹے انتظامی یونٹ بنائے جائیں جس کیلئے صوبہ ہزارہ ، صوبہ راولپنڈی، صوبہ لاہور اور صوبہ فیصل آباد بنانے کی ضرورت ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close