شاہ محمود قریشی سے وزارت خارجہ واپس کیوں لی گئی تھی؟ پیپلز پارٹی رہنما نے انکشاف کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو چاہیے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بیان بازی کرنے سے قبل اپنے لیڈر عمران خان اور خود اپنی نالائقی کا اعتراف کرے۔ شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انتہائی مختصر مدت میں پاکستان کی ساکھ بحال کی ہے۔ دنیا وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بات سنتی بھی ہے اور اتفاق بھی کرتی ہے۔

شاہ محمود قریشی جیسا نالائق وزیر خارجہ دشمن ملک میں بھی نہ ہو جو چاپلوسی کو خارجہ امور سمجھ رہا تھا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نالائق تھے اس لئے ان سے وزارت خارجہ واپس لی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے ذاتی اخراجات پر غیرملکی دورے کرتے ہیں اور پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ملک کے خارجہ امور کو بہت بہتر کیا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان جیسے نالائق وزیراعظم کو نہ تو کوئی اہل وزیر خارجہ ملا اور نہ ہی وزیر خزانہ۔ ان کی نااہلی کا خمیازہ آج ملک بھگت رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close