الیکشن کا فیصلہ کون کرے گا؟ احسن اقبال نے بات واضح کر دی

نارووال(آئی این پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان 4 سال میں پاکستان کو قرضوں کی دلدل میں دھنسا کر گیا ہے۔ڈیرانوالہ میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے ادارے الیکشن کا فیصلہ کریں گے، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت کو عوام کے سامنے مہنگائی اور ملک کی تباہی کا جواب دینا پڑے گا، مسلم لیگ (ن) اپنے 5 سال کی کارگردگی پر لوگوں کے پاس جائے گی، جب بھی الیکشن کا اعلان ہو گا ہم عوام کے سامنے جائیں گے اور عوام کارگردگی پر ہمیں ووٹ دیں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کا فیصلہ ملک کی سکیورٹی اور آئینی معاملات پر کرنا ہے، چھٹی مردم شماری ہو رہی ہے، یہ فیصلہ انہوں نے کرنا ہے کیا الیکشن آدھی پرانی مردم شماری پر آدھی نئی مردم شماری پر ہونے ہیں، سارے الیکشن ایک مردم شماری پر ہونے ہیں، پرانی مردم شماری پر الیکشن کروائے گئے تو اس کے 6 ماہ بعد نئی حلقہ بندی ہو جائے گی۔احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2013 میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر نکلا ہوا تھا، مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی قیادت میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کیا، 2018 میں جب ہماری حکومت چھینی گئی تو ملک میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں تھی، 4 سال بعد جب عمران خان حکومت چھوڑ کر گیا ہے تو مہنگائی کے جن کو بوتل سے نکال کر گیا ہے، پاکستان کو قرضوں کی دلدل میں دھنسا کر گیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ صحت مند ہونے کیلئے کڑوی گولی بھی کھانی پڑتی ہے، اگر ہم نے اس ملک کا علاج کرنا ہے تو کڑوی گولیاں کھانا پڑیں گی، ہم نے صحیح علاج کر لیا تو 2 ، 3 سال میں ملک دوبارہ اسی طرح دوڑے گا جیسے 2017 ،18 میں چھوڑا تھا، 4 سالوں میں ان کے پاس پوری حکومت تھی، مرکز میں جسے چاہتا تھا جیلوں میں میں ڈال دیتا تھا، طاقتور ترین وزیراعظم تھا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہر بات میں کہتے تھے ہماری پشت پر فوج کھڑی ہے، فوج بھی، عدالتیں بھی ان کے ساتھ تھیں، اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال دیا تھا، 4 سال میں کراچی سے لے کر پشاور تک کوئی ایک منصوبہ ہے جسے عمران خان کہے کہ میرے دماغ کی سوچ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close