عمران خان کے کسی کیس میں نااہل ہونے کے چانسز نہیں، ماہر قانون کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے وکیل رہنماء ڈاکٹر بابر اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کیخلاف جتنے بھی کیسز چل رہے ہیں ان میں نااہل ہونے کے کوئی چانسز نہیں کیوں کہ عمران خان کے خلاف کیسز میں کوئی دم خم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر توشہ خانہ اور دہشت گردی کے کیسزبنائے گئے، یہ عمران خان کیخلاف کیسز میں ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہیں، عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس مذاق سے کم نہیں جہاں انہوں نے خریدی ہوئی گھڑی کا تو بتد یا مگر باقی 75سالوں کاحساب نہیں دے رہے۔ادھر صوبہ خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے پر سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر افراد سے ریکوری کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی احتساب بیورو کو خط لکھ دیا ہے جس میں عمران خان اور دیگر غیرمجاز افراد کو متعلقہ فورم سے نادہندہ قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے خط میں الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ نادہندہ افراد کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے، قانون کے مطابق مزید کارروائی کیلئے نادہندگان کی فہرست ریٹرننگ افسران کو بھیجی جائے گی۔نیب دستاویز سے معلوم ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا کے دو سرکاری ہیلی کاپٹرز میں 1800 غیرقانونی سفر کیے گئے، جن میں سے سیاست دانوں نے 588 اور سرکاری اہلکاروں نے 577 بار ہیلی کاپٹرز کو استعمال کیا جب کہ دیگر افراد نے بھی 635 مرتبہ سرکاری ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سفر کیا۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے والے غیر مجاز افراد کیخلاف 19 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایا جات ہیں، سیاست دانوں کے ذمہ 9 کروڑ، 68 لاکھ روپے سے زائد واجب الادا ہیں، سرکاری اہلکاروں کے ذمہ 5 کروڑ،8 لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایا جات بنتے ہیں، دیگر افراد کے ذمہ 5 کروڑ روپے سے زیادہ کے بقایا جات ہیں۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے یکم نومبر 2008 سے ہیلی کاپٹرز کے استعمال کو قانونی قرار دیا تھا جب کہ مسلم لیگ ن نے ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے متعلق قانون میں ترمیم پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close