عوام کی اکثریت تحریک انصاف کی حامی ہے، مقامی ایجنسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو رپورٹ دیدی

لاہور (پی این آئی) 76 فیصد عوام تحریک انصاف کی حامی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے صحافی و رپورٹر محمد حسن رضا نے انکشاف کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حال ہی میں عوام کی رائے جاننے کیلئے ایک مقامی ایجنسی کو ٹاسک دیا۔

جس کی رپورٹ کے مطابق عوام کی اکثریت چاہتی ہے شہباز شریف انتخابات کا راستہ اختیار کریں۔جبکہ 76 فیصد عوام اس وقت تحریک انصاف کی حامی ہے، اس لیے اگر اپریل میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں انتخابات ہو گئے تو صاف نظر آ رہا ہے کہ تحریک انصاف الیکشن جیت جائے گی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرنے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں 90 روز میں انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ کے انتخابات سے متعلق فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے قوم عدالتی نظام میں امید کی بحالی کے لیے عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر جمہوریت نہیں ہو سکتی۔ اور ایک مضبوط، آزاد، معتبر عدالتی نظام قانون کی حکمرانی اور آئین کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے ۔عمران خان نے مزید کہا کہ قوم لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سراہتی ہے اور آئین کی پاسداری اور عدالتی نظام میں امید کی بحالی کے لیے عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کے لیے دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے سماعت کی اور فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے محفوظ کیاگیا فیصلہ سنایا ۔ جسٹس جواد حسن نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 روز میں انتخابات کرانے کا پابند ہے اور اسی لیے الیکشن کا شیڈول فوری طور پر جاری کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں