راولپنڈی(آئی این پی)بلوچستان کے علاقے کوہلو میں آپریشن کے دوران آئی ای ڈی دھماکے سے پاک فوج کے دو افسران شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کی کلیئرنس کے دوران آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افسران شہید ہو گئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مادر وطن کے دفاع میں میجر جواد اور کیپٹن صغیر نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امن دشمنوں کو پکڑنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کا امن، خوشحالی سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز جان کی قیمت پر بھی امن دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں