اسلام آباد(آئی این پی)تحریک انصاف کے 35ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا اسپیکر کا فیصلہ برقرار ہے،نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر آفس نے لاہور ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشستیں بحال ہونے کا پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا جھوٹ ثابت ہوگیا،اسپیکر آفس کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے 35استعفوں کی بابت محض الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کر کے سماعت مکمل ہونے تک الیکشن کمیشن کو ان حلقوں میں دوبارہ انتخاب کروانے سے منع کیا گیا ہے۔
فیصلے میں استعفے منظور کرنے کے اسپیکر کے فیصلے کو چھیڑا نہیں گیا،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے فیصلہ موصول ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے، اس سلسلے میں اسپیکر آفس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے آخری پیراگراف میں واشگاف الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ چونکہ(درخواست دہندگان نے)اسپیکر کے 22-1-2023کے نوٹی فکیشن کی کاپی درخواست کے ساتھ نہیں لگائی، لہذا اسپیکر کے فیصلے کے خلاف کوئی عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا،اسپیکر دفتر کے مطابق تمام معاملات کو آئینی و قانونی لحاظ سے دیکھ کر فیصلہ کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا مقف درست ثابت ہوا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کے معاملے پر انتہائی تحمل کے ساتھ نہ صرف غور کیا بلکہ بارہا پی ٹی آئی ارکان کو طلب کیا گیا اور بار بار طلبی کے باوجود پی ٹی آئی ارکان نہ آئے اور استعفے منظور کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔ جب اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی منظوری دے دی تو اس کے بعد اعتراض کردیا جو غیر آئینی تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں