لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسزمنڈیلا بنا کر لانچ کرنے کی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی، نوازشریف واپس آئیں انہیں اپنی مقبولیت کا اندازہ ہوجائے گا، بروقت انتخابات کے انعقاد کیلئے صرف عدلیہ سے امید ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سینئر صحافیوں نے ملاقات کی، ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی بالادستی کا راستہ صرف عدلیہ کے پاس ہے، بروقت انتخابات کے انعقاد کیلئے صرف عدلیہ سے امید ہے۔ موجودہ حکومت انتخابات کرانے کیلئے سنجیدہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے دہشتگردی کے خلاف اے پی سی بلائے۔ پہلے اے پی سی بلا لیں، پھر اے پی سی میں جانے یا نہ جانے کا فیصلہ بعد میں کریں گے۔ انتخابات میں ٹکٹ صرف وفاداروں اور مخلص لوگوں کو دیں گے۔ آئی ایم ایف معاہدے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
معیشت کو صرف سمندرپار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری بچا سکتی ہے۔ حکمران اپنے ڈالر باہر منتقل کررہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ مریم نواز کو مسز منڈیلا بنا کر پاکستان میں لانچ کرنے کی کوشش کی گئی۔ مسز منڈیلا بنا کر لانچ کرنے کی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی، نوازشریف واپس آئیں انہیں اپنی مقبولیت کا اندازہ ہوجائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت ختم ہونے کے بعد جنرل باجوہ سے ملاقات ہوئی تھی۔ مزید برآں صدرمملکت عارف علوی کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔ صدر عارف علوی عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کی رہائشگاہ زمان پارک آئے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر عارف علوی اور عمران خان کے مابین جیل بھرو تحریک پر بھی مشاورت کی گئی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبوں میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر اظہار تشویش کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا ،90 دنوں میں انتخابات نہ ہوئے تو یہ آئین شکنی ہو گی۔ ملاقات میں صدر کے آئینی اختیارات کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی ۔یہاں واضح رہے کہ گذشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دو صوبوں میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے لیے چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کو خط بھی لکھا۔صدر مملکت کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ الیکشن کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابی شیڈول جاری کرے۔ الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کرے تاکہ قیاس آرائیوں پر مبنی پروپیگنڈے کو ختم کیا جاسکے۔ صدر مملکت عارف علوی نے خط میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ آئین آرٹیکل 224 اسمبلیاں تحلیل ہونے کے 90 دن میں پر الیکشن کرانے پرزور دیتا ہے۔ آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد ای سی پی کا بنیادی اور لازمی فرض ہے۔آئین آرٹیکل 218 (3) ای سی پی کو انتخابات کو یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے۔الیکشن کمیشن فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہا تو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار اور جوابدہ ٹھہرایا جائے گا، سربراہ ِمملکت ہونے کی حیثیت سے آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ،آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج سے بچنے کیلئےانتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں