اسلام آباد (پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت سے ایک پیغام بھیجا جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ پیٹریاٹ کے نام سے نئی پارٹی بنانے جا رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں میں پیٹریاٹ پارٹی کی سربراہی کروں۔
شیخ رشید نے کہا ساری زندگی جیل میں گزار سکتا ہوں مگر بے وفائی نہیں کر سکتا۔خان صاحب کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ صوبائی الیکشن نہیں کرانے جا رہے۔یہ قومی اور صوبائی اسمبلی الیکشن اکٹھے کرائیں گے،میں ضمنی انتخاب میں قلم دوات پر این اے 62 سے الیکشن لڑوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے خاف کوئی کیس نہیں، کیس کے پیچھے فیس ہے۔دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا،عدالت نے شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں شیخ رشید کی ضمانت بعد ا زگرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپر نے درخواست پر سماعت کی۔مدعی مقدمہ کے وکیل نےعمران خان کو شامل تفتیش کرنے کی استدعا کی،مدعی کے وکیل نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید مل کر آصف زرداری کیخلاف سازش کر رہے ہیں،سیاسی جماعتوں کے خلاف نفرت پیدا ہو رہی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پولیس نے چالان بنا لیا ہے،عمران خان پر جھوٹے الزامات پر تفتیش ہو گی۔
پراسیکیوٹر محمد عدنان نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی اور کہا کہ شیخ رشید نے جو جرم کیا اسکی سزا 7 سال تک ہے،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ عمران خان پر سازش کیلئے تفتیش نہیں بنتی۔فاضل جج نے پراسیکیوٹر سے مکالمہ کیا کہ دفعات کے مطابق شیخ رشید کے بیان کا اثر پوری قوم پر ہے،ایسا ہی ہے؟ آصف علی زرداری کہہ رہے ہیں کہ بیان شیخ رشید نےنہیں دیا، عمران خان نے دیا۔ فاضل جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ پولیس نے شیخ رشید کو بلایا معلومات کے حوالے سے تفتیش کی؟ وکیل عبدالرزاق نے کہا کہ انفارمیشن پولیس ریکارڈ میں موجود ہے جو شیخ رشید نے شئیر کر دی۔عدالت نے استفسار کیا کہ ٹرانسکرپٹ میں کہاں لکھا ہے کہ عمران خان نے شیخ رشید کو قتل کی سازش کے حوالے سے بتایا؟شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان سے میٹنگ ہوئی جس میں قتل کی سازش کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ اس اسٹیج پر صرف پولیس ریکارڈ کے مطابق فیصلہ کرنا ہے،کیا شواہد تھے جس پر شیخ رشید نے بیان دیا؟ وکیل نے کہا کہ عمران خان نے ٹویٹ کیاکہ 2 بندوں کو آصف زرداری نے عمران خان کے قتل کرنے کے لیے رابطہ کیا۔بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں