فرخ حبیب نے پی ڈی ایم حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کر دی

لاہور(آئی این پی)سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ گزشتہ 10 ماہ سے بنیادی انسانی حقوق کو معطل کر دیا گیا ہے، امپورٹڈ حکومت نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون و آئین کی حاکمیت کیلئے وکلا برادری عمران خان کے ساتھ ہے، پاکستان کے وکلا نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی میں اہم کردار ادا کیا، فاشسٹ حکومت صحافیوں کے خلاف بھی مقدمات درج کر رہی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، فواد چودھری، شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا، میرے خلاف ڈکیتی کی جعلی ایف آئی آر درج کی گئی، ملتان میں عامر ڈوگر کو گرفتار کیا گیا، اعظم سواتی کو دروازے توڑ کر حراست میں لیا گیا۔سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا نیب ترمیم کر کے این آر او ٹو لیا گیا، شہباز شریف اور ان کے بیٹوں کے خلاف 16 ارب کا کیس تھا، آج زرداری اور شریف خاندان کے منشی اسحاق ڈارکے کیس معاف ہو رہے ہیں، ملک کو تباہی کے دہانے لاکھڑا کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close