اپنی جماعت کے بیانیے کا دفاع نہیں کر سکتا، ایک اور سینئر ن لیگی رہنما نے بغاوت کر دی

اسلام آباد ( پی این آئی) سینئر لیگی رہنما مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ ملکی حالات اتنے ابتر ہو چکے ہیں کہ مزید اپنی جماعت کے بیانیے کا دفاع نہیں کر سکتا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کے عذاب سے گزر رہے ہیں۔

اربوں ڈالر قرض لینے کے باوجود مسائل حل نہیں ہو رہے۔سردار مہتاب عباسی نے مزید کہا کہ صوبائی قیادت ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جن کا پارٹی سے کوئی فکری رشتہ نہیں،پارٹی کا وجود خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خطرے میں ہے، ہماری پارٹی پنجاب تک سمٹ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت تک تحفظات پہنچانے کی کوشش کی لیکن کوئی حل نہ نکلا، سیاسی جماعتوں کا بنیادی ڈھانچہ فیل ہوچکا ہے، حالات اتنے ابتر ہیں کہ اپنی جماعت کے بیانیے کا دفاع نہیں کرسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کی ذمہ دار اسٹیک ہولڈرز سمیت ہم سب ہیں، پارٹی کے لیے ہم نے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں،نوازشریف کو اپنے اختلافات سے متعلق آگاہ کیاتھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 4،5 لوگ بیٹھ کر پارٹی کے فیصلے کرتے ہیں، بہت عرصے سے خاموش تھا ،شاید مجھے خاموش نہیں رہنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت مہنگائی کے عذاب سے گزر رہے ہیں،ب لین ڈالرز قرضے لے کر بھی ملکی مسائل حل نہیں ہو رہے۔اس سے قبل اپنے ایک بیان میں سردار مہتاب نے کہا کہ پارٹی نہیں چھوڑ رہا،پارٹی کے اندر رہ کر اپنی آواز بلند کر رہا ہوں۔مریم نواز کے کل کے پروگرام کی کوئی دعوت نہیں دی گئی،شادی ہال میں مریم نواز کا پروگرام رکھنا پارٹی کو دفن کرنے کے مترادف ہے۔ سابق گورنر نے پارٹی کے عہدوں کو نمائشی قرار دے دیا۔ قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سردار مہتاب عباسی پارٹی کے فیصلوں پر تحفظات رکھتے ہیں۔سردار مہتاب عباسی کا موقف ہے کہ پارٹی قیادت کی جانب سے نظر انداز کیا جانا برداشت نہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے ن لیگ کے کئی رہنما پارٹی پالیسیوں اور رویے سے نالاں نظر آ رہے ہیں،ان رہنماؤں میں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل شامل ہیں،شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفٰی بھی دے دیا تھا تاہم انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی عہدے سے استعفی دیا،پوری عمر پارٹی کے ساتھ گزاری ابھی بھی پارٹی کے ساتھ ہوں،ن لیگ کے ٹکٹ پر ہی الیکشن لڑوں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close