سینئر پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کر لیا گیا

ملتان(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کو گرفتار کر لیا گیا۔عامر ڈوگر کو ان کے ڈیرے سے گرفتار کیا گیا۔عامر ڈوگر کے ساتھ 10 سے زائد کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ملتان میں آج کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنان میں جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن کا آفس میدان جنگ بن گیا تھا۔الیکشن کمیشن کے آفس میں پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر اور ن لیگ کی جانب سے شیخ طارق رشدی اور جاوید ہاشمی کاغذات جمع کرانے آئے تو کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔دونوں جماعتوں میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی،لڑائی میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے لیے پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدوار گرفتاریاں نہیں دیں گے۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار اپنی انتخابی مہم پر توجہ دیں گے۔اس حوالے سے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق جیل بھرو تحریک میں مرکزی، صوبائی رہنما اور کارکنان گرفتاریاں دیں گے۔ عمران خان نے جیل بھرو تحریک کے اقدام بارے آئینی و قانونی ماہرین کی رائے طلب کر لی ہے ۔

پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ آئینی ماہرین کی رائے کے ذریعے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔قانونی ماہرین سے گفتگو کے دوران تحریک کے آغاز اور گرفتاریوں کے طریق کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ماہرین آئینی و قانونی پہلوئوں سے عمران خان کو آگاہ کریں گے۔تحریک انصاف کے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ عمران خان ماہرین کے پیش کردہ نکات کی روشنی میں لائحہ عمل طے کریں گے۔پارٹی قیادت کے حکم پر مرحلہ وار گرفتاریاں دینے کا سلسلہ شروع ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close