راولپنڈی (پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 سے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا، وہ قلم دوات کے نشان پر ضمنی الیکشن لڑیں گے۔
سابق وزیر داخلہ سے اڈیالہ جیل میں فیملی ممبران نے ملاقات کی، اس موقع پر شیخ رشید احمد نے حلقہ این اے 60 سے عوامی مسلم لیگ کے امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی پر دسختط کیے، جو بدھ کے روز الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا، اگر ضمانت نہ ہوئی جیل میں بیٹھ کر الیکشن لڑوں گا۔ جب کہ اس حوالے سے شیخ رشید احمد کے بھتیجے اور سابق رکن اسمبلی شیخ راشد شفیق نے بتایا کہ حلقہ این اے 62 سٹی سے وہ بلے کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ادھر سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید احمد کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی، سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کی ضمانت کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔
گذشتہ سماعت پر شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر پولیس نے ریکارڈ پیش کرنے کیلئے ایک دن کی مہلت مانگی تھی، مدعی وکیل کی جانب سے 2 روز کیلئے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی، مدعی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر تیاری کرنی ہے، 2 روز درکار ہیں۔ جج نے ریمارکس دیے کہ دو روز تو نہیں ایک دن کا وقت دے دیتا ہوں، جس پر عدالت نے شیخ رشید کی درخواست پر سماعت ایک دن کے لیے ملتوی کی اور آج عدالت نے شیخ رشید کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 3 بجے سنایا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں