کس سیاسی جماعت میں جارہا ہوں؟ بالآخر شاہد خاقان عباسی نے خاموشی توڑ دی

لاہور(پی این آئی) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی پارٹی چھوڑنے کی خبروں پر ایک بار پھر بول پڑے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارٹی میں ہی ہوں کہیں نہیں جا رہا۔

انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کا سرکس جاری ہے لیکن اس وقت نیب کے احتساب کی ضرورت ہے، فواد حسن فواد کے خلاف بھی جوٹا مقدمہ بنایا گیا۔شاہد خاقان نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو حساب دینا پڑے گا۔جب تک نیب کو ختم نہیں کریں گے حکومت نہیں چلے گی۔جاوید اقبال رو رو کر کہتے ہیں مجھ سے حکومت کراتی تھی۔عمران خان نے احتساب کے تین مشیر رکھے تھے لیکن کہتا تھا میں نہیں کرتا ، مجھ سے جنرل باجوہ کراتے تھے جبکہ جنرل باجوہ کہتے ہیں مجھے پتہ نہیں۔جاوید اقبال یہ بتائیں ان سے کس نے مقدمات درج کروائے۔شاہد خاقان نے مزید کہا کہ مسلم لیگ میں ہوں کہیں نہیں جا رہا، میاں صاحب علاج کرا کر آئیں گے۔قبل ازیں شاہد خاقان عباسی نے استعفے کے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم لیڈر شپ رول میں آئی ہیں انہیں اسپیس چاہیے،جب نئی جنریشن آتی ہے تو پرانے لوگوں کو نئے کردار میں آنا پڑتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارٹی کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے لیکن پارٹی کے ساتھ ہوں اور ہمیشہ اسی پارٹی کے ساتھ رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز لیڈر شپ پوزیشن میں آئی ہیں انہیں اسپیس چاہیے، اگر ہم وہاں ہوں گے تو اختلاف رائے ہوگا جو کسی کے لیے مناسب نہیں ہے، جب نئی جنریشن آتی ہے تو پرانے لوگوں کو نئے کردار میں آنا پڑتا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے مریم نواز کو شاہد خاقان عباسی سے جلد ملاقات کی ہدایت کر دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں