اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف (ر) قمر جاوید باجوہ ریٹائر ہوئے تو لوگوں سے کہا کہ مانتے ہیں عمران خان جیسا بلنڈر ہم سے ہوا، اب اعتراف کافی نہیں ملک و قوم کے ماتھے پر لگے داغ کو دھونا پڑے گا۔
ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ آج کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے، مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد کو سلام، کشمیر کی وادیوں، ماں بیٹیوں بیٹوں کو سلام، ایک دن کشمیر بنے گا پاکستان۔ان کا کہنا تھاکہ مجھے، نوازشریف اور شہبازشریف کو احساس ہے، دل میں تکلیف ہے کہ آج مہنگائی ہے، دل میں شدید تکلیف ہے کہ آپ کے گھروں میں مشکلات ہیں، آٹا، دال، چاول، سبزی، بجلی،گیس مہنگی ہے، مجھے شدید تکلیف ہے، مجھے اورعوام کو پتاہے مہنگائی کس کی عطا کی ہوئی ہے؟ عوام اچھی طرح جانتےہیں مہنگائی کس کی لائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کیا، کسی نے نواز شریف کو روتے دیکھا؟ شاہد خاقان، رانا ثنا اللہ، مفتاح اسماعیل مہینوں جیل میں قید رہے کوئی نہیں رویا، مریم نواز کے آنسو نہیں نکلے، ٹکر کے لوگ کا دعویٰ کرنے والے آج زمین پر بیٹھ کر بچوں کی طرح بلک بلک کر رورہے ہیں، یہ پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں۔مریم نواز کا کا کہنا تھاکہ قمر جاوید باجوہ ریٹائر ہوئے تو لوگوں سے کہا کہ مانتے ہیں عمران خان جیسا بلنڈر ہم سے ہوا، اس بلنڈر نے ایک کونے سے دوسرے کونے تک تباہی مچادی۔
اب اعتراف کافی نہیں ملک و قوم کے ماتھے پر لگے داغ کو دھونا پڑے گا اور بلنڈر کو ملک سے اٹھاکر باہر پھینکنا ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھاکہ جو چار سال کہتا رہا ان کو رلاؤں گا، آج بچوں کی طرح رو رہا ہے، سیاستدان روتا نہیں ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہے لیکن عمران خان سیاست دان نہیں، عمران خان نے ملک کی معیشت برباد کردی، اس کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آیا۔عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھاکہ عمران خان جب وزیر اعظم تھا تو 4 سال جیب بھرو تحریک چلاتا رہا، جیلیں بھرنی ہیں تو اپنی ضمانت کینسل کراؤ، کہتا ہے جیل بھرو اور خود بزدلوں کی طرح زمان پارک کے بنکر میں چھپا بیٹھا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جس طرح پہلے ملک کو بحران سے نکالا، اب بھی نکالے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں