پاکستان سے پیار ہے، سوشل میڈیا پر تنقید اور توجہ کا مرکز بننے والے اے سی کراچی ہاظم بنگوار نے تنقید کرنیوالوں کو جواب دیدیا

کراچی(پی این آئی)اپنے اسٹائل، فیشن اور گلوکاری سے سوشل میڈيا پر مقبول کراچی میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار کہتے ہیں کہ انہیں ضد ہوگئی ہے، پاکستان میں رہیں گے، پاکستان سے پیار ہے ، یہیں رہ کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ خاندان والے کہتے ہیں باہر جاؤ مزے کرو لیکن وہ سمجھتے ہیں پاکستان کو ان کی زيادہ ضرورت ہے۔ہاظم نے مزید کہا کہ سوشل میڈيا پروفائل ان کی ذاتی زندگی ہے، وہ نہ ٹرانس جینڈر ہیں نہ عورت ، وہ مرد ہیں ، کوئی انہیں تحقیر میں عورت پکارے تو وہ ماؤں بہنوں کیلئے اسے توہین سمجھتے ہیں۔نارتھ ناظم آباد کے نئے اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کے بعد ٹاک آف دی ٹاؤن ہیں، عوامی دلچسپی کے پیش نظر ان سے بات کی تو پتا چلا کہ انہوں نے ابتدائی تعلیم امریکا سے حاصل کی، پھر لندن پہنچے اور فیشن مارکیٹنگ میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد وہیں سے ایل ایل بی بھی کیا، یہی نہیں بلکہ اس دوران دنیا کے مشہور گلوکاروں کیلئے گیت بھی لکھے اور خود بھی گلوکاری کی۔ہاظم بنگوار کا کہنا تھا کہ انہوں نے فیملی کے منع کرنے کے باوجود کمیشن کا امتحان دیا اور اب عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ہاظم بنگوار نے خود سے متعلق پھیلائی جانے والی غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش بھی کی ہے۔

وہ شاہراہ نور جہاں کی استرکاری کا جائزہ لینے پہنچے تو شہریوں نے ان کے ساتھ سیلفیز بنوائیں اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ہاظم بنگوار کے مطابق ان کی کوشش ہے کہ وہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close