اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے پشتون کلچر سے متعلق اپنابیان واپس لے لیا

نیویارک(پی این آئی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کے بعد پشتون کلچر سے متعلق اپنا بیان واپس لیتے ہوئے وضاحت کر دی۔ منیر اکرم نے کہا ہے کہ اس بیان سے میرا مقصد پشتون کلچر کی ہتک کرنا نہیں تھا۔ منیر اکرم نے نیویارک میں افغانستان پر ہونے والی اقوام متحدہ ہیومینیٹیرین کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بہت چھوٹی اقلیت کے عجیب نقطہ نظر کی وجہ سے افغانستان میں خواتین کی تعلیم پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس پابندی کا تعلق مذہب سے نہیں بلکہ افغانستان کی قدیم پشتون روایات سے ہے۔اپنے وضاحتی بیان میں منیر اکرم نے کہا ہے کہ میرے بیان کو غلط انداز میں شائع کیا گیا، اپنے الفاظ کی وجہ سے کسی کے جذبات مجروح ہونے پر مجھے افسوس ہے۔ پشتون قوم انتہائی ترقی پسند ہے اور پوری دنیا میں احترام کی مستحق ہے۔میں نے ایک بہت چھوٹی اقلیت کے عجیب نقطہ نظر کے متعلق بات کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close