کراچی (پی این آئی) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران جیل بھرو تحریک میں سندھ میں گرفتاری دیں، جیل میں ان کی اصلاح کردیں گے، دیواریں چھلانگ کر بھاگنے والے کس طرح جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں گے؟
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران جیل بھرو تحریک ضرور شروع کریں لیکن خود سندھ میں گرفتاری دیں، سندھ میں جیلوں کو ہم نے اصلاح گھر قرار دیاہے ، ہم عمران اور شیخ رشید کی اصلاح کر کے انہیں واپس بھیج دیں گے۔جو دیواریں چھلانگ کر بھاگتے ہیں اور TVپر آ کر روتے ہیں کس طرح جیل بھرو تحریک میں شامل ہونگے۔ انتظار ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان 4 سال اقتدار کی کرسی سے چمٹے رہے، پاکستان کے عوام کو اب گمراہ کرنا آسان نہیں، عمران خان کی حکومت میں اپوزیشن ارکان کو جیل بھیجا گیا، عمران خان نے اپنے مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں 25 ہزار اب قرض لیا، عمران خان نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، ملک کی معیشت اور عوام مشکل میں ہیں تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں، شہبازشریف کمردرد میں مبتلا تھے،نماز پڑھنے کے لیے کرسی نہیں دی گئی، عوام کی مشکلات کا احساس ہے، عمران خان کے آئی ایم ایف سے کیے گئے سخت معاہدوں پر عملدرآمد کرنا حکومت کی مجبوری ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کو دیوالیہ کے قریب پہنچانے میں عمران خان نے اہم کردار ادا کیا، عمران خان کس منہ سے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرتے، عمران خان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے عوام مشکلات میں ہیں، عمران خان نے امریکا جاکر بھی سیاسی مخالفین سے بدلہ لینے کی بات کی، آئی ایم ایف معاہدے پر عمران خان کے دستخط ہیں، آئی ایم ایف معاہدے پر عملدرآمد نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے والا آج جیل بھرو تحریک کے نعرے مار رہا ہے، جیل بھرو تحریک کی بات کرنے والے زمان پارک میں چھپ کر بیٹھا ہے، عمران خان روز وہی تقریر کرتا ہے جو 20 سال پہلے کرتا تھا، جیل بھرو تحریک کی قیادت لیڈر کرتا ہے، جیل میں جانے کے لیے سب سے پہلے اپنا پلاسٹر اتارو، جیل بھروتحریک میں قیادت سب سے پہلے خود کو پیش کرتی ہے، دو روز جیل میں جاکر رونے والے کس طرح جیل بھروتحریک چلائیں گے، 2 دن جیل میں رہنے سے ان کی آنکھیں باہر آجاتی ہیں، شاہد خاقان عباسی 222 روز جیل میں رہے۔
احسن اقبال 64 روز جیل میں رہے، تم کس کو بےوقوف بنا رہے ہو، آصف زرداری 248 دن جیل میں رہے، فریال تالپور عید کے روز جیل میں گئی۔جیل بھرو تحریک چلانے کے بجائے تم ڈوب مرو تحریک چلاو، آپ کو معیشت ،مہنگائی، بڑھتی دہشتگردی کا جواب دینا پڑے گا، عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں بدامنی پھیلی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں