لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے پارٹی کی تنظیم سازی اور رہنمائوں کو سیاسی طور پر متحرک کرنے کیلئے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ۔ مریم نواز سے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں اراکین قومی اسمبلی ، سابق اراکین صوبائی اسمبلی سمیت دیگر رہنمائوں نے ملاقاتیں کیں جس میں مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً پارٹی امور کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
مریم نواز سے مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ،مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین لاہور کی صدر شائستہ پرویز ملک، میاں مرغوب،حافظ میاں نعمان، ثانیہ عاشق ،انوشے رحمان،رمضان صدیق بھٹی ،بلال یاسین ،کرنل (ر) طارق،ملک غلام حبیب اعوان ، اختر حسین بادشاہ ،حنا پرویز بٹ ،عابد رضا ،سہیل شوکت بٹ ،ملک محمد وحید ،غزالی سلیم بٹ اور دیگر نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، عطا اللہ تارڑ، طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پارٹی رہنمائوں کو لاہور میں فعال کردار ادا کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ کارکنوں سے رابطے کر کے انہیں فعال کیا جائے ۔عوام کے مسائل سے آگاہی اور انہیں حل کرانے کے لئے بھی کاوشیں کی جائیں۔ ان ملاقاتوں میں پارٹی کی تنظیم سازی بارے بھی مشاورت کی گئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پارٹی نے جو ذمہ داری دی ہے انشااللہ سب کے ساتھ مل کر پارٹی کو اور زیادہ مستحکم اور فعال کروں گی ،ہمارے قائد نواز شریف کی سیاست عوامی خدمت سے عبارت ہے ،مشکل ترین حالات میں حکومت سنبھالنے کامقصد ملک کو بچانا تھا، عمران خان کے چار برسوںمیں عوام کو مہنگائی،بیروزگاری اور معاشی بدحالی کے سوا کچھ نہیں ملا ،عمران خان آج بھی خود کو نا اہل ہونے سے بچانے کے لئے جھوٹ کاسہارا لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام با شعور ہیں وہ ایسے عناصر کو ہمیشہ کیلئے مسترد کر دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں