خاتون رہنما نے عمران خان سے 10 سوال پوچھ لیے

اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کو یقین دلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ دہشتگردی اور مہنگائی کے ذمہ دار نہیں، عمران خان ہر بار دوسروں پر ذمہ داری ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ان کی حکومت سے پہلے حکمرانی کرنے والے ذمہ دار ہیں، عمران خان کو قوم کے 10 سوالوں کے جوابات دینے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ اسامہ بن لادن کو شہید کس نے کہا؟ دہشتگردوں سے مذاکرات کس نے کیے؟

سزا یافتہ دہشتگردوں کو صدارتی معافی کس نے دلوائی؟ دہشتگردروں کو کس مقصد کیلئے صدارتی معافی اور رہائی دی گئی؟ کیا سزا یافتہ دہشتگردوں کی رہائی کے حوالے سے پارلیمان کو اعتماد میں لیا گیا؟ ملک میں دہشتگردوں کے دفتر کھولنے کا خواہشمند کون تھا؟۔ شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کو جواب دینا ہوگا کہ 30 سے 40 ہزار جنگجوں کی پاکستان میں آبادکاری کون کرنا چاہتا تھا؟ کیا ان جنگجوں کو پاکستان میں آباد کرنے کی اجازت پارلیمان سے لی گئی تھی؟ اگر نہیں، تو کیا انکو ملک میں آباد کرنے کا فیصلہ عمران خان کی ذاتی تھا؟ تحریک انصاف حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کو رعایتیں دینے کے باوجود دہشتگردی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ کیوں ہوا؟۔ رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ملک نے 70 ہزار سے زائد شہادتیں دی ہیں، آپ کی بدترین حکومت سے پہلے ملک سے دہشتگدری کا خاتمہ ہو چکا تھا، اب آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ میں جوابدہ نہیں ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close