گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے صوبے میں الیکشن کی تاریخ دیدی

پشاور(پی این آئی ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کو صوبہ میں انتخابات کی تاریخ دے دی۔ گورنر نے خط میں صوبے میں انتخابات کے انعقاد کی تاریخ الیکشن کمیشن کو دی اور الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا کہہ دیا۔

گورنر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو 16 اپریل کی تاریخ دی گئی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں انتخابات کی تاریخ کیلئے گورنرز کو دوبارہ خط لکھے تھے۔خط میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی 14 جنوری کو تحلیل ہوئی مگر اب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دی گئی،اسی طرح خیبر پختوا نخوا اسمبلی 18 جنوری کو تحلیل ہوئی لیکن اس اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ بھی نہیں دی گئی۔ خط میں مزید کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت تحلیل کی صورت میں گورنرز کا الیکشن کی تاریخ دینا ضروری ہے۔خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کی تاریخ کے لئے گورنرز کو خط لکھے۔الیکشن کمیشن کی طرف سے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ عام انتخاب کے لئے پنجاب میں 9 اپریل سے 13 اپریل کی تاریخ مقرر کی جائے۔

اسی طرح گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کو بھیجے گئے مراسلے میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ صوبے میں عام انتخابات کے لئے 15 سے 17 اپریل کی تاریخ مقرر کریں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے کہا کہ آئین کے تحت گورنر اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کے انعقاد کی تاریخ دینے کا پابند ہے، پنجاب اسمبلی کے 90 روز 14 جنوری سے شروع ہوتے ہیں، 13 اپریل کے بعد پنجاب میں پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی جب کہ خیبرپختونخوا کی اسمبلی کے 90 روز 18 جنوری سے شروع ہوتے ہیں، اس لیے صوبے میں 17 اپریل کے بعد پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی۔جبکہ الیکشن کمیشن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عام انتخابات اور ضمنی الیکشن کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے عملے کو عام انتخابات کیلئے مکمل تیار رہنے کی ہدایت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں