اسلام آباد (پی این آئی) امریکا نے پشاور پولیس لائن مسجدمیں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔امریکی سفارتخانے نے ٹویٹر پر اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ امریکی سفارتخانے نے پشاور پولیس لائن مسجد دھماکے کی شدید مذمت کی۔
امریکی مشن نے کہا کہ امریکا دھماکے میں جاں بحق اور زخمی خاندانوں سے گہری تعزیت کرتا ہے، امریکا ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، امریکا دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کا ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے ۔پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کے حضور سربسجود مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے،اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،دہشت گرد پاکستان کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں،پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کا ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے،دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں،پوری قوم اپنے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائیں گے،وفاق صوبوں کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کرے گا۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ صوبوں بالخصوص خیبرپختونخوا کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کریں۔وزیراعظم نے شہداکے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں