لال حویلی کا تنازعہ، عدالت نے شیخ رشید کو بڑا جھٹکا دیدیا

راولپنڈی (پی این آئی) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے لال حویلی سے متعلق درخواست نمٹا دی،عدالت نے متروکہ وقف املاک کو 15 روز میں معاملہ نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں لال حویلی کو سیل کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے لال حویلی میں سیل کیے جانے والے 7 یونٹس کو ڈی سیل کرنے کی استدعا خارج کر دی۔ایڈمنسٹریٹر وقف املاک بورڈ نے عدالت میں بتایا کہ لال حویلی کو سیل نہیں کیا گیا،لال حویلی سے متصل پراپرٹی کو سیل کیا گیا ہے۔ عدالت نے واضح مؤقف نہ پیش کرنے پر ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک کی سرزنش کی اور متروکہ وقف املاک کو15 دن میں معاملہ نمٹانے کی ہدایت کردی۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کو شیخ رشید کی اپیل پر سماعت کیلئے 15 دن دئیے۔یاد رہے کہ اس سے قبل متروکہ وقف املاک نے لال حویلی سے متصل 7 یونٹس کو سیل کیا،متروک وقف املاک بورڈ نے علی الصبح پولیس کی نفری کے ساتھ کارروائی کی،محکمہ متروکہ وقف املاک حکام کے مطابق شیخ رشید کی لال حویلی کے 6 یونٹس کو سیل کیا گیا۔

 

 

 

لال حویلی کے ایک یونٹ کی رجسٹری کی تصدیق کے لیے حکام کو خط لکھا ہے،رجسٹری کی تصدیق پر سیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا،سرکاری اراضی پر عرصہ دراز سے قبضہ کیا گیا تھا۔محکمے نے لال حویلی کے تمام داخلی دروازوں پر تالے لگا کر سیل کر دیے۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف محمود نے کہا کہ شیخ رشید اور ان کے بھائی لال حویلی سے متعلق کوئی دستاویزات پیش نہیں کرسکے۔ قبل ازیں لال حویلی خالی کرانے کا فیصلہ کیا گیا،متروکہ وقف املاک بورڈ نے قانو ن نافذ کرنیوالے اداروں سے مدد مانگی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ لال حویلی خالی کرانے کا فیصلہ کیا جس کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مدد مانگی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں