لاہور (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام اور تنخواہ دار طبقہ کچل دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور نااہل امپورٹڈ حکومت نے ہماری معیشت تباہ کردی، حکومت کی مکمل بدانتظامی کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تازہ ترین اضافے نے عوام اور تنخواہ دار طبقے کو کچل دیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ملک میں ابھی بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے، اس کے علاوہ 200 ارب روپے کے منی بجٹ کے ساتھ 35 فیصد کی شرح سے غیرمعمولی مہنگائی ہوگی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے اور نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا، اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں 35 روپے فی لٹر اضافی کیا جارہا ہے جب کہ ڈیزل کی فی لٹر قیمت بھی 35 روپے بڑھائی جارہی ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 262 روپے 80 پیسے کا ہوگیا، اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 18, 18 روپے فی لٹر اضافی کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی کیروسین آئل فی لیٹر 189روپے83پیسے کا ہو گیا جب کہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 187روپے کردی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ابھی پٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا کیا جائے گا جب کہ حکومت گیس کی قیمت بھی بڑھائے گی، جس کے ساتھ ہی اب کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں 45 سے 50 فیصد اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں روپیہ بھی 14 سے 15فیصد تک گرا ہے، اداروں کو سوچنا چاہیئے کہ اس حکومت کے بس کی بات نہیں ہے، دو صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوچکی ہیں ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں