پنجاب کی نگراں کابینہ کا قومی خزانے سے تنخواہیں اور رہائش نہ لینے کا فیصلہ

لاہور(پی این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کی نگراں کابینہ تنخواہیں اور رہائش نہیں لے گی۔ انہوں نے یہ اعلان لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

عامر میر نے مزید کہا کہ عوام کی فلاح اور ریلیف کے لئے قلیل المدتی پروگرام شروع کئے جائیں گے،پنجاب کے پاس 14 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے، فلور ملوں کو 26 ہزار ٹن گندم روزانہ فراہم کی جارہی ہے۔نگراں صوبائی وزیر نے کہا کہ ریاستی رٹ برقرار رکھنے کے لئے ہر اقدام کریں گے،کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائےگا، آئی جی پنجاب اور دیگر افسران کھلی کچہریاں کریں گے، پولیس شہدا کے ورثا کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے جارہے ہیں۔فریضہ الیکشن کمیشن کی نگرانی میں انتخابات کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی رٹ کو برقرار رکھا جائے گا، کابینہ نے پولیس کے شہداء کیلئے ایک ارب روپے کا فنڈ منظور کیا ہے۔

عامر میر نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے تیاری پوری کی جائے گی، تعلیمی اداروں میں آئس اور منشیات کیلئے کریک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی عوام کے لئے قربانیاں دینے والے پولیس شہدا کے بچوں کی آواز بن گئے۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے پولیس شہدا کے بچوں کی محکمانہ بھرتی کے طریقہ کار کو آسان بنا نے کا حکم دیا ہے۔نگران وزیراعلی محسن نقوی کی ہدایت پر اوپن میرٹ پر آنے والے پولیس شہدا کے بچوں کو محکمانہ بھرتی کے دوران 10 اضافی نمبر دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ پولیس شہدا کے بچوں کو محکمانہ بھرتی کیلئے رولز کو مزید آسان کیا جائے گا اور متعلقہ ضلع میں سیٹ دستیاب نہ ہونے پر شہدا کے بچوں کو کسی اور ضلع میں بھرتی کیا جاسکے گا۔

فرض کی راہ اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے معذور ہو جانے والے بہادر غازیوں کے امدادی پیکیج میں بھی اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی کی ہدایت پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ، آپریشنز اور آئی ٹی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی 7 روز میں اپنی سفارشات تیار کرکے ایگزیکٹو بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ بہادر شہدا کی لازوال قربانیوں کے شایان شان عزت و احترام ان کے خاندان کا حق ہے۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں کے زیر التوا مالی امداد کے کیسوں کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کو مالی امداد کی بلا تاخیر ادائیگی کے لیے فنڈز کا فی الفور انتظام کیا جائے گا۔شہدا کے بچوں کی اعلی تعلیم کے حصول کیلئے سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور شہدا کے بچوں کے متعلقہ اضلاع کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے پالیسی وضع کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close