لاہور ( پی این آئی ) ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کی قلت کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، سیالکوٹ شہر میں پیٹرول کی قلت کے باعث کئی پمپس بند ہوگئے۔
جو کوئی کھلے بھی ہیں تو ان پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں، بہاولپور اور گرد و نواح میں بھی پیٹرول کی قلت کی وجہ سے پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے کی اطلاعات ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ شیخوپورہ اور جھنگ میں بھی پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کردی گئی، جہاں شہری پیٹرول کی تلاش میں مارے مارے پھرنے لگے اور پٹرول پمپس پر شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جب کہ گجرات میں بھی پٹرول کی قلت پیدا ہوگئی جہاں سے پمپ مالکان کی جانب سے مہنگے داموں پیٹرول فروخت کرنے کی اطلاعات بھی آئی ہیں۔ادھر پٹرول کی قیمت 300 روپے ہو جانے کی قیاس آرائیوں پر اوگرا کا ردِعمل آ گیا، جس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا، اس حوالے سے ترجمان اوگرا عمران غزنوی کا کہنا ہے کہ پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیاں غلط ہیں، ابلاغ عامہ میں گمراہ کن قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، مفاد عامہ میں غلط قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔گذشتہ روز سے یہ خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو سکتا ہے۔
سینئر صحافی کامران خان نے بتایا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہونے کے بعد اور آئی ایم ایف شرائط پورا کرنے کیلئے پٹرول کی قیمت 300 روپے فی لٹر کے قریب قریب پہنچ جائے گی، اس کے علاوہ آئی ایم ایف شرائط پورا کرنے کیلئے بجلی کا یونٹ ساڑھے 7 روپے، گیس کی قیمتیں 46 فیصد بڑھائے جانے کا امکان ہے، ادویات کی قیمتیں بھی بڑھیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں