ملازمین کی تنخواہوں میں 40فیصد کمی کا انکشاف

لاہور (پی این آئی) پی ڈی ایم حکومت کے 10 ماہ میں ملازمت پیشہ افراد کی تنخواہیں 40 فیصد کم ہو جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق آج کامران خان میں انکشاف کیا گیا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے 10 ماہ کے دوران ملازمت پیشہ طبقے کی کمر ٹوٹ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران روپے کی مسلسل بے قدری، ڈالر مہنگا ہونے اور مہنگائی میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے ملازمت پیشہ طبقے پر ناقابل برداشت بوجھ پڑا۔گزشتہ 10 ماہ کے دوران مہنگائی اور روپے کی بے قدری نے تو تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، تاہم عوام کی آمدن میں اضافہ نہ ہو سکا، بلکہ ملازمت پیشہ افراد کی آمدن میں روپے کی بے قدری اور مہنگائی کے اضافی بوجھ کی وجہ سے 10 ماہ کے دوران 40 فیصد تک کمی ہو گئی۔واضح رہے کہ 2 کاروباری ایام میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 31 روپے سے زائد اضافے کی وجہ سے ملکی قرضوں کے حجم میں مزید اضافہ ہو گیا۔دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ریکارڈ ٹوٹ جانے سے قرضوں کے بوجھ میں 3950 ارب روپے یعنی تقریباً 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 7 روپے 17 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد کاروباری دن کے اختتام پر امریکی کرنسی 262 روپے 60 پیسے پر بند ہوئی ۔جبکہ اوپن مارکیٹ میں کاروباری دن کے اختتام تک ڈالر کی قیمت میں 11 روپے اضافہ ہوا ہے جس سے امریکی کرنسی269 روپے پر ٹریڈ ہوئی، تین روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 29 روپے مہنگا ہوا۔ جبکہ 2 دنوں میں 12 ہزار روپے سے زائد اضافے سے فی تولہ سونے کی قیمت میں بھی اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعے کو فی تولہ قیمت میں 7 ہزار روپے جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 6 ہزار روپے کا اضافہ ہوا۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 2 ہزار 500 روپے جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 73 ہزار 610 روپے ہوگئی۔

دوسری جانب ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار بھی جاری کر دیئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق 0.45 فیصد مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 32.57 فیصد ہو گئی۔ ایک ہفتے کے دوران 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ،6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close