نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کیلئے بڑی پریشانی کھڑی ہوگئی

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تعیناتی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیاہے ۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کیخلاف تحریک انصاف کی جانب سے درخواست وکیل امتیاز رشید صدیقی نے دائر کی ہے۔

مذکورہ درخواست میں محسن نقوی، چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران کو فریق بنایا گیا ہے، جب کہ تحریک انصاف نے درخواست میں وفاق، سپیکر قومی اسمبلی راجا ریاض ، چیف سیکریٹری پنجاب اور کے پی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔دائر درخواست میں پنجاب کابینہ تشکیل دینے اور تقرریوں تبادلوں سے بھی روکنے کی استدعا کی گئی ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے تقرر میں الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے،عدالت سے استدعا میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ شفاف اور منصفانہ الیکشن کیلئے اقدامات کے احکامات دے، وزیراعلیٰ کو انتخابات سے متعلق امور سرانجام دینے سے بھی روکا جائے ،واضح رہے کہ چند روز قبل گرفتار پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی تقرری کو عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close