لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ روپے کی قدر گرنے سے مہنگائی بڑھ کر 50 فیصد تک ہوجائے گی،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بھی 50،50روپے فی لیٹراضافہ ہوگا، زرمبادلہ کے ذخائر 3.6ارب ڈالر پر آگئے ہیں،پتا تھا سازش کو کامیاب ہونے دیا تومعیشت نہیں سنبھلے گی۔
انہوں نے ویڈیولنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتا تھا کہ حالات خراب ہوئے تو یہ سنبھال نہیں سکیں گے، پتا تھا سیاسی استحکام ہوگا تو معیشت چلے گی، کورونا کے وقت تیل کوئلہ کی قیمتیں یک دم اوپر چلی گئی تھیں، جب تیل اوپر جاتا ہے تو سب کچھ اوپر چلا جاتا ہے، تیل کوئلہ مہنگا ہوا ہے، ہمارے لئے بھی مشکل تھا کہ لوگوں کو مہنگائی سے بچائیں ، ہم بڑی مشکل سے توازن قائم رکھ رہے تھے، اسی لئے کہا تھا کہ سازش کو کامیاب ہونے دیا تومعیشت سنبھلنے گی نہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے معیشت کے ماہرین کہتے ہیں کہ سارے خطرناک پاکستان کی تصویر بتا رہے ہیں، دو دنوں میں 33روپے ڈالر کے مقابلے میں ان کے9ماہ میں 84روپے گرے ہیں، ہمارے زرمبادلہ ذخائر خطرناک سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
ہمارے آج 3.6ارب ڈالر پر ذخائر آگئے ہیں، ہندوستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 600ارب ڈالرسے زیادہ ہیں، جب تحریک عدم اعتماد آئی تھی تو16.4ارب ڈالر تھے۔جو کہ آج 3.6پر پہنچ گئے ہیں، اس کی وجہ سے روپے پر پریشر پڑا اور روپیہ گرنا شروع ہوگیا، اب روپیہ گررہا ہے، اسحاق ڈار لندن میں بڑے بیانات دیتا تھا، روپے کی قدر گرنے کے اثرات جن کے بینک میں پیسے پڑے ہیں وہ اب کم چیزیں خرید سکے گا، جن کے پیسے باہر پڑے ہیں، ان کی دولت میں اضافہ ہورہا ہے۔ کبھی کسی جماعت کو ووٹ نہ دو جس کی لیڈرشپ کے پیسے ملک سے باہر پڑے ہیں۔
ملک پر مسلط زرداری اور شریف خاندان کو کوئی نقصان نہیں ہورہا،ان کے پیسے باہر پڑے ہیں۔ میں نے جب لندن میں اپنا فلیٹ بیچا تو اس وقت پاؤنڈ 90روپے کا تھا آج 300روپے کا پاؤنڈ ہے۔ پاکستان کے تنخوادار طبقات سے بات کررہا ہوں ،اب ڈالر مہنگا ہونے کے کیا اثرات ہوں گے؟ آج تیل عالمی مارکیٹ میں اوپر گیا ہے ابھی بھی 85ڈالر فی بیرل ہے، آج پیٹرول ڈیزل جب روپیہ گرے گا تو 50،50روپے فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل اوپر جائے گا۔روپیہ گرنے سے مہنگائی 35فیصد پر جائے گی، جب بجلی گیس کھانے پینے کی اشیاء کی مہنگائی 45سے 50مہنگائی ہوجائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں