لندن (پی این آئی ) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف ایف آئی آر بالکل درست ہے۔انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ نہیں لیکن ان کے بیانات سے تو لگتا ہے کہ ایک بار گرفتار ہو جانا چاہیے تاکہ دیکھ ہی لیں کہ یہ کیا طوفان لانا چاہتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کل پاکستان واپس جا رہا ہوں، آج نواز شریف سے میٹنگ ہے، نواز شریف سے ہدایات لے کر مریم نواز کا یکم فروری سے پنجاب اور کے پی کے کا دورہ شروع ہوگا۔فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف ایف آئی آر سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر درج ہوئی۔جو آدمی کہتا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ سیاسی انتقام ہے اسے ایف آئی آر پڑھ لینی چاہیے۔فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے خلاف بات کی جس پر الیکشن کمیشن نےایکشن لیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس وقت عمران خان کی گرفتاری کے حق میں نہیں۔ جس قسم کی عمران نیازی گفتگو کر رہے ہیں میرا ذہن بنتا ہے کہ انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ سیشن عدالت نے فواد چوہدری کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
عدالت نے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور عدالت نے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔دوران سماعت فواد چوہدری روسٹرم پر آئے اور کہا کہ عمران خان پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں،ہم حق سچ بات کریں گے۔ میں پی ٹی آئی کا ترجمان ہوں،ضروری نہیں میری اپنی رائے ہو۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی جماعت کی ترجمانی کرنی ہے،جو میں نے بیان دیا وہ میری جماعت کا مؤقف ہے۔ مجھے اسلام آباد پولیس نے نہیں لاہور پولیس نے گرفتار کیا،میرا موبائل فون پولیس کے پاس ہے اور میری سم بند کی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں