عمران خان کے قریبی لوگوں نے پی ٹی آئی کی جڑیں کاٹ دیں، پرویزالٰہی کا دعویٰ

لاہور (پی این آئی) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے دبے لفظوں پی ٹی آئی رہنماؤں پر تنقید کے ساتھ ساتھ عمران خان کی تعریف بھی کر دی۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کے قریبی چار پانچ لوگوں میں سے ایک تو پکڑا گیا ہے،پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا،عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا ہمیں کام کرنے دو،ایک سال اور کام کرتے تو ن لیگ کے کپڑے بھی نہ ملتے۔عمران خان کے قریب جو لوگ تھے،انہوں نے پارٹی کی جڑ ہی کاٹ دی،چار پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک تو پکڑا گیا ہے،پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا۔ ہم نے چند ماہ میں ہی 5 سالوں کے برابر کام کیا،عمران خان سے کہا تھا کہ ہمیں کام کرنے دیں،عمران خان کو اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار دیا ہوا تھا۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہبازشریف کو سوائے مانگنے کے کچھ نہیں آتا،ہماری حکومت میں عوام کو سستا آٹا دیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کام صرف الیکشن کرانا ہوتا ہے،محسن نقوی کے پاس صرف ڈھائی مہینے کی نوکری ہے۔اگر کیسز بنانے ہیں تو کیا ہو جائے گا،کیا واپس گھر نہیں آنا؟ چوہدری پرویز الٰہی نے محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر نگران وزیراعلٰی بنے ہو تو کوئی اچھا کام کرکے جاؤ،ہم نے اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ لڑنا ہے۔

دوسری جانب چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کی صدارت سے ہٹا دیا گیا۔لاہور میں مسلم لیگ ق کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا،چوہدری پرویز الٰہی مسلم لیگ ق پنجاب کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے جبکہ چوہدری وجاہت حسین پارٹی کے مرکزی صدر منتخب ہو گئے۔ ترجمان مسلم لیگ ق کے مطابق طارق بشیر چیمہ کو ہٹا کر کامل علی آغا کو مسلم لیگ ق کا مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ کو ق لیگ سے نکالنے کا ارادہ نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close