عمران خان کی گرفتاری کا امکان، پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا اہم بیان آگیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے،مصدقہ اطلاعات ہیں کہ گرفتاری کیلئے ان کی میٹنگز ہورہی ہیں، اطلاعات ہیں کہ گرفتاری کیلئے میرا اور شاہ محمود قریشی کا نام بھی سرفہرست ہے۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری کو رات کے اندھیرے میں سڑکوں پر گھمایا گیا، پھر عدالتی حکم کے باوجود ان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، عمران خان کو گرفتارکرنا بھی ان کی بڑی پرانی خواہش ہے، ممکن ہے ایسی حرکت کریں، لیکن کس قانون کے تحت ان کو گرفتارکرنے کی کوشش کی جائے گی؟ گرفتارکرنے والوں کی فہرست میں مختلف نام ہیں، اطلاعات ہیں کہ گرفتاری کیلئے میرا اور شاہ محمود قریشی کا نام بھی سرفہرست ہے، مصدقہ اطلاعات ہیں کہ گرفتاری کیلئے ان کی میٹنگز ہورہی ہیں۔الیکشن کمیشن نے گورنر کو الیکشن کی تاریخ کیلئے خط لکھ دیا ہے، دونوں گورنرز نے ابھی تک الیکشن کی کوئی تاریخ نہیں دی، دونوں الیکشن کی تاریخ دینے سے گریز کررہے ہیں، جو کہ آئین سے انحراف کرنے کے مترادف ہے۔

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فواد چودھری کی گرفتاری کے بعد ویڈیولنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان کا ابھی تک الیکشن کرانے کا کوئی موڈ نہیں لگ رہا، یہ محسن نقوی کو اسی لئے لے کر آئے ہیں، عدلیہ سے کہتا ہوں کہ آئین میں الیکشن میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں ہے، 90 دنوں میں الیکشن ہونے چاہئیں۔وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں بحیثیت وائس چیئرمین پی ٹی آئی، تمام سینیٹرز، سابق ممبران قومی اسمبلی، سابق ممبران صوبائی اسمبلی، پارٹی ورکرز اور سپورٹرز کو ہدایت کرتا ہوں کہ فی الفور زمان پارک پہنچیں۔ ان بزدلوں کو چئیرمین عمران خان تک پہنچنے کے لئے ہم سب سے گزر کر جانا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں