اسلام آباد (پی این آئی) بڑا پاور بریک ڈاؤن ہونے کے بعد آج علی الصبح سے ملک پھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی ۔ اس حوالے سے وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ 12 گھنٹوں میں ملک بھر میں بجلی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، انہوں نے کہا کہ کوئی بڑا فالٹ نہیں آیا۔ جیو نیوز کے پروگرام میں خرم دستگیر نے کہا کہ موسم سرما میں بجلی کی طلب کم ہوتی ہے اس لیے سسٹم کو رات کے وقت زیادہ تر بند کر دیا جاتا ہے اور صبح دوبارہ آن کیا جاتا ہے۔
خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ آج صبح 7 بجے کے قریب جب سسٹم کو آن کیا جا رہا تھا تو اس دوران جامشورو اور دادو کے درمیان فریکوئنسی کی کمی کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق اگلے 12 گھنٹوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، کوشش ہے اس سے پہلے ہی بجلی کی مکمل بحالی ہو جائے۔وفاقی وزیر کا کہنا ہےکہ بریک ڈاؤن شمال سے جنوب تک آیا ہے اور ہم آہستہ آہستہ جنوب سے شمال کی طرف سسٹم بحال کر رہے ہیں، تربیلا اور وارسک سے کچھ سسٹم بحال کرنا شروع کر دیے ہیں اور ان علاقوں میں بجلی بحال ہونا شروع ہو چکی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں