عمران خان کی ہدایت پر سندھ کے سیلاب متاثرین کو 1ارب روپے کی امداد دینے کا اعلان

لاہور (پی این آئی) وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے 1 ارب روپے کا اعلان کر دیا ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے عمران خان کی ہدایت کے مطابق ایک ارب روپے دینا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر سندھ کے سیلاب متاثرین کو ایک ارب روپے دینا چاہتے ہیں مگر سندھ حکومت تعاون نہیں کر رہی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ’سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے عمران خان کی ہدایت کے مطابق ایک ارب روپے دینا چاہتے ہیں۔ سیلاب متاثرین کی مدد فلاحی کام ہے، سندھ کا عدم تعاون ناقابل فہم ہے۔ حکومت پنجاب اور متعلقہ ادارے ہر طرح سے سندھ حکومت سے رابطہ کر چکے ہیں۔ پنجاب سندھ کے متاثرہ بھائیوں کیلئے اپنی کمٹمنٹ پوری کرے گا۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ پنجاب حکومت نے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز رکھے۔

مستند ڈیٹا ملنے پر ایک ارب روپے سندھ حکومت کو دئیے جائیں گے۔ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کا ڈیٹا نہیں دیا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے باضابطہ طور پر ایک ارب روپے کی فراہمی کیلئے خط کا جواب بھی سندھ نے نہیں دیا۔ ‘ پاکستان مسلم لیگ (ق) اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ایک اور ٹویٹ میں مزید کہا کہ ’وفاقی حکومت نے پنجاب کو سیلاب متاثرین کے لئے کوئی پیسہ نہیں دیا۔‘ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد آئندہ بھی جاری رہنی چاہیے، امید ہے احساس پروگرام اور سیلاب متاثرین کی بحالی جاری رہے گی۔ ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے پنجاب احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مستحق خاندانوں کیلئے مالی معاونت کے احساس راشن پروگرام پر بریفنگ دی۔

سربراہ پنجاب احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے پروگرام پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے مثالی کام کیا ہے، احساس پروگرام کی افادیت کے پیش نظر اسے کسی دور میں بند نہیں کیا گیا، امید ہے احساس پروگرام اور سیلاب متاثرین کی بحالی جاری رہے گی، احساس پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد آئندہ بھی جاری رہنی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں