آئندہ الیکشن کیلئے ٹکٹ دینے کی پالیسی سے متعلق عمران خان کا بڑا اعلان

لاہور (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کے لیے امیدواروں کا فیصلہ خود کروں گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کے حوالے سے پارٹی ٹکٹس کی تقسیم کیلئے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی۔بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل ہونے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور صوبہ خیبرپختونخوا میں ٹکٹس کی تقسیم کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی طور پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر عمران خان نے صوبائی تنظیم کے عہدیداران کو جلد شاٹ لسٹ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آئندہ انتخابات کے لیے ٹکٹوں کا فیصلہ میں خود کروں گا، صرف ان امیدواروں کو ٹکٹس دیے جائیں گے جو پی ٹی آئی کے ساتھ مخلص ہیں اور میرٹ پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ادھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن قریب ہیں ملک میں عام انتخابات اب نہیں رک سکتے کیوں کہ 64 فیصد نشستیں خالی ہیں، اس لیے ہم جلد از جلد الیکشن کی طرف بڑھیں گے، عمران خان نے کہا تمام ایم این ایز استعفے دیں گے، 127 ایم این ایز نے اپنی سیٹیں قربان کیں۔

عمران خان کے مفادات پاکستان کی مٹی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور حکومت میں بیٹھے لوگ اپنے تمام فیصلے امریکا سے لکھوا کر لاتے ہیں، جب کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو اپنے ملک کی مٹی سے جڑا ہوا ہو، جب لیڈر اپنے پیسے باہر لے کر چلا جائے گا تو غربت ختم نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ بند کمروں کے فیصلوں سے ملک میں سیاسی صورتحال خراب ہوئی، پاکستان میں 15 لاکھ مزدور ٹیکسٹائل انڈسٹری میں بیروز گار ہو گئے ہیں، آج عام آدمی کی کمر ٹوٹ گئی ہے لیکن جب تک سیاست ٹھیک نہ ہو معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی اور پی ڈی ایم والے الیکشن سے ایسے بھاگ رہے ہیں جیسے کالا چور چوری کرنے کے بعد بھاگتا ہے حالاں کہ آج ملک میں 64 فیصد نشستیں خالی ہیں، ان سیٹوں پر الیکشن کرانے کیلئے 70 ارب روپے چاہیئں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close