لاہور ہائیکورٹ نےرات 10 بجے کے بعد کاروبار کرنے والی مارکیٹوں کو کتنےلاکھ روپے جرمانے کا حکم دیدیا

لاہو ر(پی این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے رات 10 بجے کے بعد کاروبار کرنے والی مارکیٹوں کو دو لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران کو فوری احکامات پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت کر دی جبکہ عدالت نے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کر دی ۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ میں سموگ سے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سیکریٹری جنرل لاہور سپر مارکیٹس ایسوسی ایشن

محمد عمران سلیم عدالت میں پیش ہوئے۔ سیکریٹری جنرل نے کہا کہ رات 10 بجے مارکیٹیں بند کرانے سے تاجر خوش ہیں ، ہم سکون میں آچکے ہیں اور سب دکانداروں کا اس پر اتفاق ہے۔عدالت سے درخواست کرتا ہوں تاحیات رات 10بجے مارکیٹیں بند کرنے کا حکم فرما دیں، اس سے بجلی کی بچت کے ساتھ صحت بھی بہتر ہو گی ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مجھے خوشی ہوئی آپ کے الفاظ سن کر، ہمیں اپنا لائف اسٹائل تبدیل کرنا ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ رات 10بجے

مارکیٹیں بند کرنے سے معاشرے میں سکون آگیا ہے ۔ لاہور میں شادیوں میں جاری ون ڈش کی خلاف وزری پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔عدالت نے سی سی پی او لاہور اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران کو فوری احکامات پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت کر دی۔درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ لاہور میں محمود بوٹی کے علاقے میں موجود صنعتوں پر کاربن استعمال ہوتا ہے ، کاربن چنگ چی رکشوں ، کنٹینرز کے ذریعے کارخانوں تک پہنچا دیا جاتا ہے ۔

عدالت نے شہر میں غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close