اسلام آباد (پی این آئی) سینئر پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے الیکشن سے قبل عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن سے پہلے عمران خان کو گرفتار کرسکتی ہے، مگر پی ٹی آئی کو کوئی پروا نہیں ہے،عمران خان کی گرفتاری سے پی ٹی آئی مزید مضبوط ہو گی۔اسد قیصرکا کہنا تھا کہ حکومت پی ٹی آئی کے خلاف جتنے اقدامات کرے گی اس کے بدلے میں تحریک انصاف کو اتنی ہی طاقت ملےگی۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کو اسپیکر کی ناانصافی قرار دے دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف نے انہیں خود اسمبلی میں واپسی کی دعوت دی اور اس کے بعد استعفے قبول کرلیے، مگر اس کے باوجود تحریک انصاف اس اقدام کو عدالت میں چیلنج نہیں کرےگی۔
انہوں نے کہا کہ دو صوبوں میں حکومتیں تحلیل ہوچکی ہیں، یہ حکومت کو کیسے آگے چلاسکیں گے؟ابھی بھی انہوں نے میں مانوں کی رٹ لگائی ہوئی، ہم سب کو پاکستان کے مفاد کو دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی نے بھرپور دھاندلی کی، ہمیں ایم کیوایم کی مجبوریوں کا پتا ہے ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں، ایم کیوایم کا بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینا چاہیئے تھا۔ ان تک بلدیاتی انتخابات کے نتائج نہیں دیئے گئے۔ مزید برآں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی کی تمام تنظیموں کو ڈور ٹو ڈور مہم پر عمران خان کو بریفنگ دی گئی۔ عمران خان کی جانب سے انتخابات کی تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ عمران خان نے کوڈ لیول بلاک پر تنظیمیں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
انتخابات کی تاریخ میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، نگران حکومت کا کام شفاف انتخابات کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کیلئے ن لیگ کے نام ان کی غیرسنجیدگی کا اظہار ہے، ہم نگران وزیراعلیٰ کیلئے ایسے نام دیئے جن پر کوئی اعتراض نہیں کرسکتا، ہم نے نگران وزیراعلیٰ کیلئے ایسے نام دیئے جو قابل قبول ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں