اسلام آباد (پی این آئی) توشہ خانہ کیس، عدالت کی برہمی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پٹیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے درخواست بھی دائر کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نےایک ہی معاملہ دو مختلف عدالتوں میں چیلنج کرنے اور لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن اسلام آباد ہائی کورٹ سے چھپانے پر گزشتہ سماعت پر برہمی کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ بیرسٹر علی ظفر جیسے سینیئر وکیل سے اس کنڈکٹ کی توقع نہیں تھی۔ عدالت نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر پٹیشن کو چھپانے سے متعلق کل جواب طلب کر رکھا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ فیصلے کیخلاف پٹیشن میں فل بہنچ بنا دیا ہے ، لاہور ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر کا فیصلہ چیلنج کیا گیا، لاہور ہائی کورٹ میں پارٹی صدارت سے ہٹانے کی الیکشن کمیشن کی کارروائی بھی چیلنج ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کا فل بینچ دونوں درخواستوں سے متعلق تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اس عدالت میں صرف 21 اکتوبر کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا، لاہور ہائی کورٹ میں فُل بینچ بننے کے بعد اس عدالت سے درخواست واپس لینے کی استدعا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں