کوئٹہ(پی این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے انکشاف کیا ہےکہ صوبےکا مالی بحران سنگین ہوگیا ہے، صوبے کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہ کے لیے پیسے نہیں ہیں۔
ایک بیان میں عبدالقدوس بزنجو نے وفاق سے فوری طور پر صوبےکا قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کا حصہ جاری کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہےکہ پیسے نہ ہونے سے صوبےکے ترقیاتی کام ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں، شدید سردی میں سیلاب متاثرین بحالی کے منتظر ہیں، صوبے کو اس کا حصہ مل جائے تو اپنے سیلاب متاثرین کو خود سنبھال سکتے ہیں۔ عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہےکہ وزیراعظم ان کی بات سمجھ رہے ہیں لیکن متعلقہ محکمے معاملےکو سنجیدہ نہیں لے رہے، وزیراعظم سے اپیل ہےکہ متعلقہ محکموں کے ساتھ کوئٹہ آئیں اور مالی بحران کا خود جائزہ لیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں