پی ڈی ایم کا پی ٹی آئی کی 35خالی نشستوں پر الیکشن لڑنے کے حوالے سے بڑا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی ) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ اور صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی 35 خالی نشستوں پر پی ڈی ایم حصہ نہیں لے گی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی پینتیس خالی نشستوں پر پی ڈی ایم حصہ نہیں لے گی، پی ڈی ایم ان سیٹوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی، الیکشن نہ لڑنے کی وجوہات کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔یاد رہے اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے، جس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے ارکان کو ڈی نوٹیفائی بھی کردیا۔ مراد سعید، عمرایوب، اسد قیصر، پرویزخٹک، عمران خٹک، شہریارآفریدی، علی امین گنڈاپور اور نورالحق قادری کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ علی نوازاعوان، اسدعمر، راجہ خرم نواز، صداقت علی خان، غلام سرور، شیخ رشید احمد، شیخ راشد شفیق، منصور حیات خان، فواد چودھری بھی ڈی نوٹیفائی ہوچکے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حماد اظہر، ثنااللہ مستی خیل، شفقت محمود، عامرڈوگر، شاہ محمود قریشی کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا، زرتاج گل، فہیم خان، سیف الرحمان، عالمگیرخان، علی زیدی، آفتاب صدیقی کے ساتھ عطااللہ، آفتاب جہانگیر، اسلم خان، نجیب ہارون اور قاسم سوری بھی ڈی نوٹیفائی ہوچکے ہیں جب کہ مخصوص نشستوں پرعالیہ حمزہ اور کنول شوذب کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا ء اللہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پی ٹی آئی کے جن ارکان کے استعفے منظور کئے ، یہ عوام میں کہتے ہیں ہم مستعفی ہوچکے، اسپیکر نے ان ارکان کے بارے فیصلہ کیا جو بہت بڑے لیڈر بنتے ہیں، اگر پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ زیادتی ہوئی ہے تو بیان حلفی پیش کرے۔ پی ٹی آئی بیان حلفی دے اور کہے کہ استعفے نہیں دینا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ جن ارکان کے استعفے منظور نہیں ہوئے وہ اسمبلی میں واپس آئیں ان کو ویلکم کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close