اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے، ہمارے لیڈرز کو مل بیٹھ کر حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں 8 کروڑ لوگ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں، بجلی کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے، ہمارے لیڈرز کو مل بیٹھ کر حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، ہفتہ21 جنوری کو ہمارا پہلا سیمینار اس اتفاق رائے کی طرف ایک قدم ہے۔دوسری جانب وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر صورت گیس کی قیمت میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔ مصدق ملک نے کہا کہ حکومت نے گھریلو نیٹ ورک میں توسیع پر گیس قلت کے سبب پابندی لگائی، پاکستان میں گیس کی قیمت نہیں بڑھائی۔لوگوں پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا، مگر یہ بوجھ خزانے پر آ رہا ہے، گیس کے اضافی کنکشن ایل این جی پر دے سکتے ہیں جو بہت مہنگی ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ پورے ملک میں گیس 1600ایم ایم سی ایف ڈی ہے جبکہ ملک میں 3200ایم ایم سی ایف ڈی پیداوار ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ 1400ایم ایم سی ایف ڈی گیس بجلی اور کھاد بنانے میں جاتی ہے۔
پورے ملک کے لیے 1600ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال ہوتی ہے۔ اسی طرح نیوزایجنسی کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں کہہ رہی ہیں ہمارے پاس تیل منگوانے کے پیسے نہیں، ہر چیز مہنگی ہوتی چلی جا رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے کم رہ گئے ہیں، ابھی آپ نے اربوں ڈالر کی قسطیں واپس کرنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کشیدگی بڑھتی چلی جا رہی ہے، عمران خان مستقبل کا وزیراعظم ہے، اب بات پولیٹیکل انجینئرنگ سے آگے چلی گئی ہے، پورے پاکستان میں تحریک انصاف کے کارکن عام انتخابات کی تیاری کریں۔ حماد اظہر نے کہا کہ کراچی کے الیکشن کو پیپلز پارٹی نے ایک مذاق ہی بنا لیا تھا، ان کو معلوم ہے عوام فیصلہ کرچکے ہیں، ہم انہیں فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے، قومی اسمبلی میں بھی ان کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں