علیم خان بھی نگران وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی دوڑ میں شامل، لابنگ کرنے کا انکشاف

لاہور (پی این آئی) علیم خان ن لیگ کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے لیے سرگرم ہو گئے۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نگران وزارت اعلیٰ کے لیے لابنگ کر رہے ہیں۔

وہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے لیے سرگرم ہیں۔ن لیگ کے سامنے اس وقت تین نام ہیں جن پر وہ نگراں وزیراعلیٰ کے حوالے سے غور کر رہی ہے،ان ناموں میں سابق بیوروکریٹ احمد چیمہ کا نام بھی شامل جبکہ نجم سیٹھی بھی دوبارہ وزارت اعلیٰ کے لیے کوشاں ہیں۔ ن لیگ نے مذکورہ تینوں ناموں پر اپنے اتحادیوں سے بھی مشاورت کی ہے۔نجم سیٹھی پر ایک اتحادی جماعت نے اپنے اعتراضات سے ن لیگ کو آگاہ کر دیا۔پی ڈی ایم اور اتحادیوں کی اس معاملے میں یہ رائے ہے کہ معاملہ الیکشن کمیشن جانے دیا جائے۔

جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے حمزہ شہباز کے نمائندے ملک احمد خان نے ملاقات کی،ملاقات کے بعد ملک احمد خان نے کہا کہ نگراں وزیراعلٰی پنجاب کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت مکمل کر لی ہے،وزیراعظم آج شارٹ لسٹ نام سابق صدر آصف زرداری کے سامنے رکھیں گے۔ آصف زرداری سے مشاورت کے بعد شام تک 3 نام گورنر کو بھجوا دیں گے،نگراں وزیراعلٰی کیلئے نام اتحادیوں سے مشاورت کے بغیر بتانا مناسب نہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گورنر کو خط میں نگراں وزیراعلٰی کیلئے تین نام بھجوائے تھے،گورنر پنجاب کو وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے نگراں وزیراعلٰی کے لیے بھجوائے گئے نام موصول ہوئے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ نگراں وزیراعلٰی کے نام مل گئے ہیں،وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی کے تجویز کردہ نام اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو بھجوا رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نگراں حکومت کیلئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو خط لکھا۔چوہدری پرویز الٰہی نے خط میں گورنر پنجاب کو تین نام بھجوائے،خط میں احمد نواز سکھیرا،ناصر کھوسہ اور محمد نصیر خان کے نام شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close