لاہور (پی این آئی ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اب جنرل الیکشن ہوں گے، پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی، عمران خان نے سیاسی لحاظ سے بہترین حکمت عملی تیار کی ہے، گھر والوں کو بھی علم نہیں ہوسکا جس طرح اسمبلی تحلیل کی گئی ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کو اللہ تعالیٰ صحت وتندرستی دے، ہر وقت عوام کی خدمت اور دین کے بارے میں سوچتے ہیں۔عمران خان ایماندار اور نیک ہیں ان جیسا لیڈر کوئی نہیں۔ پی ٹی آئی اگلے الیکشن میں کلین سویپ کرے گی۔اب جنرل الیکشن ہوں گے۔عمران خان نے سیاسی لحاظ سے بہترین حکمت عملی تیار کی ہے اور اللہ تعالیٰ نے بھی عمران خان کی مدد کی ہے۔ گھر والوں کو بھی علم نہیں ہوسکا جس طرح اسمبلی تحلیل کی گئی ہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شریفوں کے سارے منصوبے دھرے کے دھرے رہ گئے،اب ان کو اپنی جان کے لالے پڑ گئے ہیں۔
عمران خان کے سامنے ان کی سیاست زیرو ہوچکی ہے۔ شہبازشریف نیند کی 15گولیاں بھی کھا لے، اب اسے نیند نہیں آئے گی۔ ہم نے تو اعتماد کا ووٹ لے لیاہے، اب ان کی باری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں کی زبانیں باہر نکلی ہوئی ہیں، انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے۔ شہبازشریف ادھر ادھر بھاگ رہا ہے۔ نوازشریف نے کہہ دیا ہے کہ میں واپس نہیں آؤں گا، اب ن لیگ اور زیادہ نیچے چلی گئی ہے۔ شہبازشریف کا م کرنے والا نہیں نکلا بلکہ یہ لیٹ گیا ہے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہبازشریف صرف مانگنے کے قابل رہ گیا ہے۔ جب مانگنے جاتا ہے تو لوگ کہتے ہیں کہ پتہ کریں اس کے پاس واپسی کا ٹکٹ ہے یا نہیں۔ ن لیگ والے اب کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے۔ عوام نے ان سے 30 برس کا حساب لینا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں