اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پاکستان آنے کی تیاری مکمل ہے۔
خواجہ آصف کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا ہم نے ناصر محمود کھوسہ سے رابطہ کیا تھا لیکن ہماری حکومت کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں تھی، نگراں وزیراعلیٰ کے لیے تمام اتحادیوں کے ساتھ آج فائنل کر لیں گے۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ ن لیگ دیوار سے نہیں لگے گی، سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، ن لیگ کو نقصان نہیں ہوا، سوشل میڈیا سے لوگ زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف کے پاکستان آنے کی تیاری مکمل ہے، وکلا جب کہیں گے قانونی تیاری مکمل ہے نوازشریف پاکستان آ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ ناانصاف نہیں سانحہ ہوا ہے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کی سزا نواز شریف کو دی گئی جبکہ عمران خان کے ہاتھ توشہ خانے سے رنگے ہوئے ہیں اور ان پر بے شمار کیسز ہیں، عمران خان کے جرائم کی لمبی فہرست ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں آنے دیں جب آئیں گے تو دیکھیں گے، اعتماد کا ووٹ ضروری نہیں کہ ان کے کہنے پر لیں خود بھی لے سکتے ہیں، ہمارے نمبر اللہ کے فضل سے پورے ہیں، کوئی ہچکچاہٹ والی بات نہیں ہے، پنجاب اسمبلی توڑنے سے وفاق کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ق لیگ کو تحریک انصاف میں ضم ہونے سے متعلق خبروں پر خواجہ آصف نے کہا کہ جہاں کا خمیر ہے وہاں پہنچ رہا ہے، ڈاکو چوروں کی چھتری کے نیچے اکھٹے ہو گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں