ملک میں قبل از وقت عام انتخابات، آصف علی زرداری بھی میدان میں کود پڑے

لاہور ( پی این آئی) ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کی بازگشت کے بعد آصف علی زرداری نے بھی پارٹی رہنماؤں سے عام انتخابات کے حوالے سے تجاویز طلب کرلیں۔ سابق صدر آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو الیکشن سے متعلق تیاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انتخابات سے متعلق تجاویز بھی مانگ لیں، اس حوالے سے سابق صدر آصف زرداری کی زیر صدارت پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس لاہور میں ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے صوبائی اسمبلی میں ادا کیے گئے کردار پر شرکاء کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل سے بچانے کی کوشش کی گئی، جس پر پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اجلاس میں آصف علی زرداری نے پنجاب میں آئندہ انتخابات سے متعلق تجاویز طلب کرتے ہوئے رہنماؤں کو انتخابات کے حوالے سے تیاری کرنے کی ہدایت بھی کردی۔دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا اجلاس ہوا، جس میں نواز شریف نے پارٹی کو پنجاب میں الیکشن کی تیاری کی ہدایت کی، نواز شریف کی ن لیگی قیادت اور کارکنوں کو جنرل الیکشن کیلئے بھی متحرک ہونے کی ہدایت کردی، اجلاس میں نواز شریف نے پاکستان کی معاشی صورتحال کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیا اور اسی کو بنیاد بنا کر ن لیگی امیدواروں کو الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بتایا جائے اگر ہم حکومت میں نہ آتے تو پاکستان ڈیفالٹ ہو جاتا۔میڈیا رپورٹس سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سینئر پارٹی قیادت نے نواز شریف کو رواں ماہ واپسی کی تجویز دی تھی، نواز شریف کو سیاسی صورتحال کے پیش نظر واپسی کی تجویز دی گئی تھی تاہم نواز شریف نے پارٹی رہنماوں کو جواب دیا کہ فی الحال واپسی ممکن نہیں ہے، مریم نواز کی رواں ماہ واپسی کا امکان ہے، مریم نواز کی رپورٹ پر واپسی کا فیصلہ کروں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close