لاہور (پی این آئی) قائم مقام وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے مسلم لیگ ق کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں ممکنہ انضمام کا اشارہ دے دیا۔سابق وزیراعظم عمران خان اورپرویز الٰہی کے درمیان صوبے کے نگران وزیراعلٰی کے نام پر مشاورت ہوئی ہے جس کے بعد تین نام تجویز کیے گئے ہیں۔
ان میں پہلا نام احمد نواز سکھیرا کا ہے، دوسرا نصیر خان اور تیسرا نام سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر سعید کھوسہ کا ہے۔چوہدری پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان ناموں پر کل مزید مشاورت ہوگی، تینوں ہی نام مناسب ہیں اور امید ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ ان میں سے ایک نام پر اتفاق ہوجائے گا۔انہوں نے ق لیگ کے تحریک انصاف میں انضمام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا خیال ہے کہ ق لیگ پی ٹی آئی میں ضم ہوجائے گی ، مونس الہٰی اور ق لیگ کا بھی یہی خیال ہے، ہم نے کل میٹنگ رکھی ہے جس میں تمام عہدیدار اور ارکان اسمبلی آ رہے ہیں، جس میں اس حوالے سے مشاورت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم پی ٹی آئی میں آتے ہیں تو ان کیلئے نہیں بلکہ ہمارے لیے مشکلات ہیں کیونکہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ تو عمران خان کی صورت میں موجود ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ ملتے ہیں تو دونوں جانب بہتری آئے گی۔ہماری کوشش ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ آئیں اور مشاورت سے چلیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں