اسلام آباد (پی این آئی ) وفاقی حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کیلئے اعتماد کے ووٹ کی صورت میں نمبرز پورے ہونے کا دعویٰ کردیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو ہم اپنے پورے نمبرز دکھائیں گے۔
اس حوالے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں تاہم اس وقت ہمارا فوکس اس وقت بلدیاتی انتخابات پر ہے، بلدیاتی ہوں یا عام انتخابات پیپلز پارٹی نہیں ڈرتی، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کنفوژن کلیئر ہو چکی ہے اور اب کل ہی الیکشن کیلئے پولنگ ہو گی، پیپلزپارٹی کی مکمل تیاری ہے، کارکن بھرپور تعداد میں نکل کر ووٹ کا حق استعمال کریں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے معیشت مشکل میں تھی، ان کو نظر آ رہا ہے معیشت مشکل سے نکل آئے گی، وہ اسی وجہ سے معاملات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان نے تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی آفت کا سامنا کیا، ضروری ہے پاکستان کو پہلے مشکل صورتحال سے نکالا جائے، ملک کے مفاد میں نہیں کہ فوری عام انتخابات میں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جنیوا کانفرنس کامیاب رہی، دوست ممالک نے پاکستان کی امداد کیلئے بڑے اعلان کیے ہیں،عمران خان نے پہلے بھی آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، وہ عوام کی خدمت کرنے اور دہشت گردوں کو شکست دینے کے بجائے ذاتی مفادات کا سوچ رہے ہیں، امید کرتا ہوں ایم کیو ایم ایک بہت پرانی سیاسی جماعت ہے، وہ غیر سیاسی فیصلہ نہیں کریں گے اور الیکشن میں حصہ لیں گے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کے لیے پی ٹی آئی نے پارٹی میں لابنگ تیز کر دی، صدر مملکت کو جلد وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے کہے جانے کا امکان ہے، پی ٹی آئی نے یہ فیصلہ ایم کیو ایم کے تحفظات کو دیکھتے ہوئے کیا، پی ٹی آئی پر امید ہے کہ ایم کیو ایم وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ نہیں دے گی، اس لیے پی ٹی آئی نےوزیراعظم کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی کارروائی کی منظوری دے دی گئی، صدر مملکت عارف علوی جلد وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے کہیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں