ای پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کیلئے اہم خبر آگئی

اسلام آباد ( پی این آئی ) ملک بھر میں ای پاسپورٹس بنوانے والوں کے لیے فیس شیڈول جاری کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کی منظوری سے ای پاسپورٹس اجرا کے لیے فیس شیڈول کا اعلان کیا گیا، جس کے تحت 36 صفحات کے 5 سالہ ای پاسپورٹ کے لیے نارمل فیس 9 ہزار اور ارجنٹ فیس 15ہزار ہوگی۔

36 صفحات کے لیے 10سالہ پاسپورٹ کی نارمل فیس 13ہزار500 اور ارجنٹ 22 ہزار500 مقرر کی گئی ہے جب کہ 72 صفحات والے 5 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 16ہزار500 اور ارجنٹ 27 ہزار500 ہوگی، 72 صفحات والے 10سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 24 ہزار 750 اور ارجنٹ فیس 40 ہزار500 روپے مقرر کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ فیس کی ادائیگی نیشنل بینک، موبائل ایپ ، موبی کیش اورایزی پیسہ سے بھی کی جاسکے گی، شہریوں کی جانب سے ای پاسپورٹس بنوانے کے لیے فیس شیڈول کا اطلاق ڈپلومیٹیک، آفیشل اورعام زمرے کے لیے کیا گیا ہے تاہم عام شہریوں کوای پاسپورٹ کا اجرا موجودہ پاسپورٹ کی مدت کے اختتام پر کیا جائے گا اور ابتدائی طور پرای پاسپورٹس اجرا کا آغاز صرف اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے جب کہ ملک کے باقی شہروں میں بتدریج ای پاسپورٹ اجرا کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

دوسری طرف دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی نئی فہرست جاری کی گئی ہے اور گزشتہ کئی سالوں سے دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں رہنا والا پاکستانی پاسپورٹ سال 2023 میں بھی اپنی پوزیشن بہتر نہ بنا سکا، سال 2023 کیلئے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی 2 الگ الگ فہرستیں جاری ہوئی ہیں، دونوں فہرستوں میں پاکستانی پاسپورٹ سب سے آخری نمبروں پر رہا، آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ سرفہرست رہا۔ آرٹن کیپیٹل کی فہرست کے مطابق متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری ویزا لیے بغیر 181 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں، امارات کے بعد سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، جرمنی، سوئیڈن، فن لینڈ، لکسمبرگ، اسپین، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز اور آسٹریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور ان ممالک کے شہریوں کو 174 ممالک میں جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں، ڈنمارک، بیلجیئم، پرتگال، ناروے، پولینڈ، آئرلینڈ، برطانیہ، امریکا اور نیوزی لینڈ کے پاسپورٹس کے حصے میں تیسرا نمبر آیا، ان ممالک کے پاسپورٹ کے حامل افراد 173 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرسکتے ہیں۔

اسی طرح ہر سال دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی رینکنگ جاری کرنے والے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی 2023 کی فہرست میں جاپانی پاسپورٹ کو طاقتور ترین قرار دیا گیا ہے، ہینلے انڈیکس کے مطابق جاپانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری بغیر ویزا 193 ممالک کا سفر کر سکتے ہیں، جاپان کے بعد سنگاپور اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں جن کے حامل افراد کو 192 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہوجاتی ہے، جرمنی اور اسپین کے پاسپورٹس 190 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ دونوں فہرستوں میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا، آرٹن کیپیٹل کی فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ یمن اور صومالیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر 92 ویں نمبر پر موجود ہے، اس سے نیچے عراق (93)، شام (94) اور افغانستان (95) موجود ہیں، جب کہ ہینلے اینڈ پارٹنرز کی فہرست میں پاکستان کے حصے میں 106 واں نمبر آیا، صرف شام، عراق اور افغانستان کے پاسپورٹس کی رینکنگ پاکستان سے بھی بدتر قرار پائی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close